ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل:پی ایل ڈی بینک کے ڈائرکٹر سومیاگونڈا کا یو ٹرن : کاسکارڈ بینک کے نائب صدر ایشور نائک پراغواء کا الزام

بھٹکل:پی ایل ڈی بینک کے ڈائرکٹر سومیاگونڈا کا یو ٹرن : کاسکارڈ بینک کے نائب صدر ایشور نائک پراغواء کا الزام

Thu, 15 Sep 2016 20:21:16    S.O. News Service

بھٹکل:۱۵/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل کی پی ایل ڈی بینک کے صدر کے خلاف عدم اعتماد عرضی کے متعلق جاری سیاست آخری حدوں کو چھورہی ہے۔5-6 دنوں پہلے عدم اعتماد کی عرضی پر دستخط کرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے ڈائرکٹر سومیا سنو گونڈا جمعرات کی صبح بھٹکل میں پائے گئے۔ انہوں نے کاسکارڈ بینک کے نائب صدر ایشور نائک سمیت بینک کے پانچ ڈائرکٹروں کے خلاف بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں شکایت درج کی ہے کہ اُنہیںاغواء کرکے اذیت دی گئی ہے۔

پولس تھانہ میں دی گئی شکایت میں بینک کے دیگرڈائرکٹرس منجوناتھ درگپا نائک، سریش جٹیا نائک، مہیش نارائن نائک، ایشور جے نائک کے نام  ملزمان میں شامل ہیں۔ شکایت کے مطابق گذشتہ 9ستمبر کو ملزموں نے مجھے انوا کار میں لے جا کر ہیبری لاڈج میں بغیر کھانا پانی دئیے اذیت دی پھر ذات کے نام پر بے عزتی کی، بعد میں انہوں نے کاغذ پر دستخط لے کر وہاں سے مجھے بنگلورو کے راجا وسٹا ہوٹل میں بند کردیا۔ سومیا گونڈا کے مطابق  14 ستمبر کی صبح وہ ٹائیلٹ جانے کے بہانے باہر نکل کر ایک شناسا کا تعاون لے کر بھٹکل پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔

الزامات کے متعلق اظہار کرتے ہوئے کاسکارڈ بینک کے نائب صدر ایشور نائک نےتمام الزامات کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔  انہوں نے پولس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تفتیش کرتے ہوئے سچ اور جھوٹ کا پتہ لگائے۔

بھٹکل ایس آئی ، ایم وی چمنور پورے معاملے کی جانچ کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ بدھ کو ہوٹل میں اپنے ساتھ موجود سومیا گونڈا کو پی ایل ڈی بینک کے صدر سنیل نائک وغیرہ پراغواء کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بینک کے ڈائرکٹر منجوناتھ نائک وغیرہ نے بنگلورو کے سولدیون ہلی پولس تھانے میں شکایت درج کی تھی ۔ اس دوران سومیاگونڈا کے خاندان والوں نے  جمعرات کو  گھر  نہیں پہنچنے کی بات کہی تھی ۔

پی ایل ڈی بینک نےبھٹکل جیسے چھوٹے سے شہر میں اپنے قیام سے مرحلہ وار ترقی پاتے ہوئےقومی و ریاستی سطح پر کئی ایوارڈ حاصل کرچکا ہے، مگرحالیہ دنوں میں یہ بینک سیاسی چالبازیوں میں پھنس کر عوامی طورپر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔


Share: